سینیٹ الیکشن، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے معاملات طے ہو گئے

 سینیٹ الیکشن، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے معاملات طے ہو گئے
کیپشن: سینیٹ الیکشن، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے معاملات طے ہو گئے
سورس: فائل فوٹو

لاہور: سینیٹ انتخابات کے معاملے پر حکومت اور مسلم لیگ (ق) میں آخر کار معاملات طے پا گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا پنجاب سے سینیٹ کی ایک نشست ق لیگ کو دے دی اور تحریک انصاف کے اراکین ق لیگ کے سینیٹ امیدوار کی حمایت کریں گے۔

حکومت پہلے ہی ق لیگ کو سینیٹ نشست کے حوالے سے جائز حق دینے کی تصدیق کر چکی ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا اس بابت کہنا ہے کہ ق لیگ اتحادی جماعت ہے اور ان کا جائز حق دیا جائے گا۔ 

سینیٹ کی 52 میں سے پنجاب کی 11 نشستوں پر انتخاب ہو گا اور پنجاب سے سینیٹ کی ایک نشست کیلئے 42 اراکین کے ووٹ درکار ہیں اور 371 کے ایوان میں سے مسلم لیگ (ق) کی دس نشستیں ہیں جبکہ پنجاب میں سے سینیٹ کی گیارہ نشستوں پر مارچ میں الیکشن ہوں گے۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اندرونی طور پر سینیٹ کے امیدواروں کی فہرست تیار کی جا رہی ہے اور انہوں نے ابھی تک سینیٹ کیلئے تاحال تین نام فائنل کیے ہیں۔ جن میں محمد زبیر، پرویز رشید اور خواجہ احمد حسان کے نام شامل ہیں اور تینوں کے نام پارٹی قائد نواز شریف نے فائنل کئے ہیں۔