اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ اور درآمدات پر انحصار کم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت آئندہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کے انتخاب کے لیے باضابطہ تجویز جاری کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی مختلف مالی آلات کے اجرا پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں ڈالر، یورو، اسلامی سکوک بانڈ کے علاوہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا پانڈا بانڈ بھی شامل ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق، پاکستان 4 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ عالمی بانڈ مارکیٹ میں جانے کی تیاری کر رہا ہے، جس سے ملکی معیشت میں استحکام کی عکاسی ہوتی ہے، حالانکہ چند سال قبل ملک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکا تھا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت میں بہتری کا پیغام دیا جا رہا ہے، اور معدنیات، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی، شرح سود، مالی خسارہ اور کرنٹ اکاؤنٹ سمیت تمام بڑے معاشی اشاریے بہتر سمت میں جا رہے ہیں۔ روپے پر فوری دباؤ نہیں ہے کیونکہ ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوا ہے، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے اور سروسز کی برآمدات بڑھ رہی ہیں۔
علاوہ ازیں، حکومت سرکاری اداروں کی نجکاری اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے جیسے اصلاحاتی اقدامات بھی کر رہی ہے۔ قومی ایئرلائن فروخت ہو چکی ہے، اور دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری پر بھی غور جاری ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے راستے پر قائم رہے گی کیونکہ یہی ملک کی پائیدار ترقی کا واحد حل ہے۔