دہشتگردی کا الزام ، کویت سے15ایرانی سفارتکار بے دخل

دہشتگردی کا الزام ، کویت سے15ایرانی سفارتکار بے دخل

کویت سٹی: کویت نے 15 ایرانی سفارتکاروں پر ہشت گردوں سے تعلق کا الزام عائد کرتے ہوئے  انھیں ملک  سےبے دخل کردیا ہے ۔اس کے علاوہ کویت میں جاری ایرانی سفارتی مشنز کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کویت کی حکومت نے پندرہ ایرانی سفارتکاروں کو بے دخل کرتے ہوئے ایرانی فوجی، ثقافتی اور تجارتی مشنز کو بھی بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔کویت کے قائم مقام وزیر اطلاعات شیخ محمد المبارک کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے دہشت گرد گروہ کو سزا سنائے جانے کے بعد ایرانی سفارت کاروں کی ملک بدری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے پچھلے ماہ گروہ کے سرغنہ کو کویت میں حملوں کی سازش کرنے کے الزام میں عمر قید اور دیگر 20 کارندوں کو جیل کی مختلف سزائیں سنائی تھیں۔ مجرموں میں ایک ایرانی جب کہ باقی مقامی شہری ہیں۔
اس سے پہلے کویت کی سیکیورٹی فورسز نے 2015 میں ایران اور لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد سیل کا سراغ لگایا تھا اور ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا تھا۔