نواز شریف اور مریم کی سزا کیخلاف اپیل، عدالتی معاونت کیلئے افسر مقرر کرنے کا حکم

نواز شریف اور مریم کی سزا کیخلاف اپیل، عدالتی معاونت کیلئے افسر مقرر کرنے کا حکم
کیپشن: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزا کے خلاف اپیلوں کی ابتدائی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اورکیپٹن (ر) صفدرکی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پرنیب کوعدالتی معاونت کے لیے افسرمقررکرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی ابتدائی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سزاؤں کے خلاف اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی گئی ہیں جس پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: حنیف عباسی کیخلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ محفوظ

کیس کی سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد ہو گی اور وکلاء صفائی کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو زیربحث لانے کی ضرورت ہے۔ نیب ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے پرعدالت کی معاونت کے لیے افسر مقرر کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت جولائی کے آخری ہفتے میں ہو گی۔ کیس کو سماعت کے لیے جولائی کے آخری ہفتے میں دستیاب بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مریم نواز کی سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی مؤخر

واضح رہے کہ رواں ہفتے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں