مظفرگڑھ: نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے صبح 4 بجے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حاضری رجسٹر، ادویات کے ذخیرے اور عملے کی موجودگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران دو ڈاکٹرز غیر حاضر پائے گئے، جبکہ بعض جوابات غیر تسلی بخش ہونے پر ڈی سی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو دفتر طلب کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مشن ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے فری ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اسی دوران، گراں فروشی کی شکایات پر ڈی سی نے شہر کی فروٹ اور سبزی منڈی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے خریداروں سے نرخوں اور کوالٹی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ منڈی کے دورے میں نیلامی کے عمل، صفائی اور قیمتوں کے تعین کے نظام کا جائزہ لیا گیا، اور بہتری کے لیے فوری احکامات جاری کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر کے ان اچانک دوروں کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جو ضلعی انتظامیہ کی سنجیدگی اور عوامی مسائل پر فوری ردعمل کا واضح ثبوت ہیں۔