Get Alerts

ٹک ٹاک نے امریکہ کے لیے الگ ایپ بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

ٹک ٹاک نے امریکہ کے لیے الگ ایپ بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

کیلیفورنیا : شارٹ ویڈیو پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کمپنی امریکہ کے لیے علیحدہ ایپلی کیشن تیار کر رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے نے رپورٹ دی تھی کہ ٹک ٹاک ایک خفیہ منصوبے "M2" پر کام کر رہا ہے، جس کا مقصد امریکی صارفین کے لیے ایک بالکل الگ ایپ بنانا ہے، تاکہ اگر امریکا میں موجودہ ٹک ٹاک ایپ پر پابندی لگے تو نئی ایپ کے ذریعے صارفین کو سہولت دی جا سکے۔

تاہم ٹک ٹاک نے ان تمام خبروں کو "حقائق کے منافی" اور "گمنام ذرائع پر مبنی قیاس آرائی" قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی متبادل ایپ یا سسٹم پر کام نہیں کر رہی۔

یاد رہے کہ امریکہ میں ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے حوالے سے شدید دباؤ کا سامنا ہے، اور حالیہ برسوں میں اسے متعدد بار بند کرنے کی کوششیں ہو چکی ہیں۔ امریکی قانون کے تحت چینی کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکا میں اپنی سرگرمیاں ختم کرنے یا کسی امریکی کمپنی کو فروخت کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

ٹک ٹاک کی تردید کے باوجود، یہ قیاس آرائیاں ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں کہ آیا کمپنی امریکی مارکیٹ میں اپنی بقا کے لیے الگ راستہ اپنائے گی یا نہیں۔

ٹیگز: