واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حالیہ امریکی کارروائی کے بعد سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے میں ایران کی تینوں بڑی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ تباہ شدہ جوہری مراکز کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے میں ایران کو کئی سال لگ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنا چاہے، تو اُسے تین الگ مقامات پر دوبارہ سے نئے سرے سے تعمیرات کرنا ہوں گی۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں انٹیلیجنس ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکی فضائی حملے میں صرف فردو نامی ایک جوہری تنصیب کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ باقی تنصیبات محفوظ رہیں۔
صدر ٹرمپ کا بیان امریکی میڈیا رپورٹس کے برعکس ایک سخت مؤقف کی عکاسی کرتا ہے، جس سے خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔