لاہور:پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تاہم حبس کی کیفیت برقرار ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور قادرآباد کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 24 جولائی تک پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وارننگ جاری کردی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کے رود کوہی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔