Get Alerts

وزیراعظم سے کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم سے کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، اقتصادی تعاون، تجارتی روابط اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈین وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو زراعت، ایگری فوڈز، ویکسین سازی، قابل تجدید توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس سمیت مختلف شعبوں تک وسعت دی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کینیڈین ہم منصب مارک کارنی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جلد ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اپریل میں ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے علاقائی امن کے لیے کینیڈا کے تعاون کو بھی سراہا۔

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے پاکستان میں زراعت، معدنیات، توانائی، آٹوموبائل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ (FIPPA) پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے میں مددگار ثابت ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کینیڈا میں آباد پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رابطے کا ذریعہ ہے۔ ملاقات میں تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ نئے کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا سے پاکستان کو کینولا درآمد کرنے کے لیے فائٹو سینیٹری پروٹوکول پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ معاہدے پر پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جبکہ کینیڈا کی جانب سے وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔
 
 

ٹیگز: