Get Alerts

جوڈیشل کمیشن کی ججز کی تقرری، توثیق اور آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کی سفارش

جوڈیشل کمیشن کی ججز کی تقرری، توثیق اور آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کی سفارش

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کے اجلاس میں سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹس سے متعلق ججز کی تقرری، توثیق اور آئینی بینچز کی مدت میں توسیع سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

سپریم کورٹ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس خالد حسین شاہانی کی مدت ملازمت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی سفارش کی گئی، جبکہ ایڈیشنل جج جسٹس سید فیاض الحسن شاہ کی مستقل تقرری کی سفارش نہیں کی گئی۔

جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں مزید تین ماہ کی توسیع کی بھی سفارش کی۔

اجلاس میں محمد ہمایوں خان ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریش کمار اور ڈاکٹر شاہ نواز میمن ایڈووکیٹ کو سندھ ہائیکورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کرنے کی سفارش بھی منظور کی گئی۔ تاہم دو خالی نشستوں پر تقرری نہ ہو سکی کیونکہ امیدوار کمیشن کے مطلوبہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے ایاز شوکت ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شہرخ ارجمند اور عمیر مجید ملک ایڈووکیٹ کو ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی سفارش کی گئی۔

پشاور ہائیکورٹ کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن نے جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب کی بطور مستقل جج توثیق کی سفارش کی۔ کمیشن نے یہ فیصلہ متعلقہ ججز کی کارکردگی، ریکارڈ اور جانچ پڑتال کے بعد کیا۔
 
 
 
 

ٹیگز: