Get Alerts

ایران کی پہلی فتح، جوابی کارروائی مکمل نہیں ہوئی: محسن رضائی

ایران کی پہلی فتح، جوابی کارروائی مکمل نہیں ہوئی: محسن رضائی

تہران  : ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سابق سربراہ میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کو جنگ میں پہلی کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، مگر یہ صرف شروعات ہے، ہماری جوابی کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی۔

محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ ایران نے اب تک جنگ کے سات دنوں میں 400 سے زائد میزائل داغے ہیں، جن میں سے کئی نے اسرائیل کے دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ کو بھی ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو اب اپنے غلط اندازوں پر پچھتانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس وقت جنگ بندی کی گئی تو یہ دشمن کو دوبارہ سنبھلنے اور تیاری کا موقع دینے کے مترادف ہوگا۔ "فی الحال جنگ بندی ایک نئی جنگ کو دعوت دینا ہے، اور ہم یہ موقع ضائع نہیں کر سکتے،" ان کا کہنا تھا۔

محسن رضائی نے بتایا کہ ایران نے تمام افزودہ (نیوکلیئر) مواد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے اور دشمن کے حملوں کے باوجود نطنز، خنداب اور اراک جیسے اہم مقامات خالی کرا لیے گئے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکا پر واضح دباؤ ڈالا ہے کہ یا تو مدد کی جائے یا جنگ بندی کی جائے۔ رضائی نے کہا کہ ایران نے فتح اور "سجیل" میزائلوں کے ذریعے مشترکہ حملے کیے، جو دشمن پر واضح برتری کا ثبوت ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی تجزیاتی اداروں نے پہلے ہی اس جنگ کی پیشگوئی کر دی تھی، اور اب تک ایران نے اپنی مکمل زمینی، بحری اور خاص طور پر آبنائے ہرمز کی طاقت کو استعمال ہی نہیں کیا۔

ٹیگز: