واشنگٹن/تہران: مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مذاکرات یا جنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے لیے آخری مہلت دے دی ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وارننگ نظر انداز کرنے کی صورت میں ایران کو ایسا خمیازہ بھگتنا پڑے گا جو تاریخ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں تہران پر واضح کیا ہے کہ اب لیت و لعل کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں سمیت تمام امور پر فوری طور پر منصفانہ معاہدہ کرے۔ امریکہ نے اپنا بڑا بحری بیڑا ایران کی جانب روانہ کر دیا ہے، صدر ٹرمپ کے مطابق معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں یہ بیڑا شدید حملے کے لیے تیار ہے۔
امریکی صدر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم وینزویلا کی طرح یہاں بھی مکمل تیار ہیں اور ضرورت پڑی تو مشن پورا کرنے کے لیے "طاقت اور تشدد" کا راستہ اپنایا جائے گا۔
امریکی دھمکیوں کے جواب میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بھی اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی جہازوں نے ایرانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی تو ان پر بلا تاخیر حملہ کیا جائے گا۔