کوالالمپور: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کے تحت ہونے والے نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کا اختتام مقررہ وقت پر 3-3 گول سے برابر رہا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ شوٹ آؤٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فرانس کو شکست دے دی۔
میچ کے دوران فرانس نے پہلے اور تیسرے کوارٹر میں برتری حاصل کی، لیکن پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے گول برابر کر دیے۔ رانا وحید اشرف اور سفیان مقیم نے اہم لمحات میں گول سکور کرکے ٹیم کو مقابلے میں واپس لایا۔
شوٹ آؤٹ میں پاکستانی گول کیپر اور فارورڈز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث ٹیم فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ پاکستان اب نیشنز کپ کے فائنل میں ٹائٹل کے لیے میدان میں اترے گا۔