اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، ایران امریکا معاہدے اور اسرائیل کی جانب سے لبنان میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پیش رفت سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران امریکا معاہدے کے سلسلے میں ثالثی اور سفارتی کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دریں اثنا پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس 21 جون کو متوقع ہے، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔