Get Alerts

ایران نے آبنائے ہرمز کو بحری جہازوں اور تجارتی آمدورفت کے لیے بند کر دیا

ایران نے آبنائے ہرمز کو بحری جہازوں اور تجارتی آمدورفت کے لیے بند کر دیا

تہران: ایران کی مرکزی فوجی کمان خاتم الانبیاء نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تمام بحری آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ فیصلہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جنگ کے بعد طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی مبینہ خلاف ورزیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

ہفتے کے روز جاری ایک باضابطہ بیان میں خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے کہا کہ امریکا نے جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے معاہدے کی پہلی شق کی کھلی خلاف ورزی کی ہے، جبکہ اسرائیل بھی جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ انہی اقدامات کے پیش نظر آبنائے ہرمز کو بحری جہازوں اور تجارتی آمدورفت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایرانی فوجی کمان کے مطابق یہ اقدام مخالف فریق کی وعدہ خلافیوں کے جواب میں ابتدائی ردعمل ہے۔

مزید کہا گیا کہ اگر خلاف ورزیاں اور جارحانہ اقدامات جاری رہے تو ایران مزید سخت اقدامات بھی کر سکتا ہے تاکہ متعلقہ فریقوں کو اپنے وعدوں کی پاسداری پر مجبور کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے خلیجی ممالک کی تیل و گیس کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچائی جاتی ہے۔
 
 
 

ٹیگز: