پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 448 ہو گئی

پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 448 ہو گئی
کیپشن: سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 448 ہو گئی ہے۔ صوبہ سندھ میں جمعرات کو مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے  170 سے زائد ملکوں تک چکا ہے اور اب تک 9 ہزار سے زائد لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور ان دونوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔

گزشتہ روز کورونا وائرس سے ہونے والی دو ہلاکتوں میں سے ایک مردان اور دوسری پشاور میں ہوئی۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 245 ہو گئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ تمام 37 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ایک متاثرہ شخص کے رابطہ میں رہنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ اب تک سکھر میں 151، کراچی میں 93 اور حیدر آباد میں کورونا وائرس کا ایک کیس ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ سندھ میں سے سرکاری دفاتر بند رکھنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جب کہ گزشتہ روز سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات کو 15 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس کے جمعرات کو مزید 58 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 81 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

پنجاب کی وزیرصحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 78 ہو گئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے بتایا کہ 384 نمونوں کے ٹیسٹ کیے جن میں سے 320 نتائج منفی آئے جب کہ 78 افراد کے کیسز مثبت رپورٹ ہوئے۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے مریضوں میں پیپلز پارٹی کے مرحوم سینیٹر کی بیٹی بھی شامل ہیں جو چند روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچی تھیں۔

خیبرپختونخوا میں جمعرات کو مزید 4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز ضلع بونیر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔