ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیلنے کا احساس الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا: بابراعظم

ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیلنے کا احساس الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا: بابراعظم

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ہوم گراﺅنڈ پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا احساس الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، پراعتماد ہو کر میدان میں جائیں گے اور میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ میں پہلی مرتبہ لاہور میں ٹیسٹ میچ کھیل رہا ہوں اس لئے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کے سامنے اپنا بہترین دینے کی کوشش کروں گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آج دوبارہ پچ دیکھ کر منصوبہ بندی کریں گے اور پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ کل میچ سے قبل ہی ہو گا، ہماری توجہ میچ اور سیریز جیتنے پر ہے کیونکہ اس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہو گا، پوری ٹیم لاہور میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پرجوش ہے اور ہم سب کامیابی کے حصول کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ 
پچ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی پچ زیادہ مختلف نہیں لگ رہی مگر لگتا ہے کہ یہاں ٹرن ملے گا، یہ سچ ہے کہ چوتھی اننگز میں باؤلنگ کرنا مشکل ہوتا ہے مگر یہ ٹیسٹ کرکٹ کا حصہ ہے، ٹاس جیتنے کیساتھ ساتھ اچھی کارکردگی دکھانا بھی ضروری ہوتا ہے۔ 
رن ریٹ کے معاملے پرہونے والی تنقید سے متعلق سوال پر بابراعظم نے کہا کہ اچھا کھیلیں یا برا، تنقید ہوتی ہے لیکن ہم نے کبھی تنقید کو منفی نہیں لیا بلکہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، رن ریٹ اتنا سلو نہیں ہے لیکن یہ ہمیشہ صورتحال کے مطابق ہی ہوتا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں