Get Alerts

سری لنکا کا امریکی جنگی طیاروں کو اڈہ دینے سے انکار، صدر انورا کمارا کا پارلیمنٹ میں بڑا اعلان

سری لنکا کا امریکی جنگی طیاروں کو اڈہ دینے سے انکار، صدر انورا کمارا کا پارلیمنٹ میں بڑا اعلان

کولمبو : سری لنکا نے خطے میں اپنی غیر جانبدارانہ پالیسی برقرار رکھتے ہوئے امریکی جنگی طیاروں کو اپنے ایئرپورٹ پر تعیناتی کی اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے اس حساس معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق، امریکہ نے مارچ کے آغاز میں سری لنکا سے درخواست کی تھی کہ اسے اپنے 2 جنگی طیارے مٹالا ایئرپورٹ پر تعینات کرنے کی اجازت دی جائے۔ ان امریکی طیاروں پر جدید اینٹی شپ میزائل نصب تھے۔ امریکہ کا منصوبہ تھا کہ ان طیاروں کو جبوتی (افریقہ) میں قائم اپنے فوجی اڈے سے سری لنکا منتقل کیا جائے۔
صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ حکومت نے امریکی درخواست کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسے واضح طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سری لنکا اپنی سرزمین کو کسی بھی غیر ملکی طاقت کے فوجی مقاصد یا خطے میں کشیدگی بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، سری لنکا کا یہ فیصلہ اس کی خود مختار خارجہ پالیسی کا عکاس ہے، خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب بحرِ ہند میں عالمی طاقتوں کے درمیان اثر و رسوخ کی جنگ جاری ہے۔ صدر انورا کمارا کی حکومت نے اس فیصلے کے ذریعے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ کسی بھی عالمی بلاک کا حصہ بننے کے بجائے اپنی سالمیت کو مقدم رکھیں گے۔

ٹیگز: