لاہور: پاکستان سپر لیگ (HBL PSL) کے نئے ایڈیشن کی خوبصورت 'انفینیٹی ٹرافی' اپنے ملک گیر دورے کے آخری مرحلے میں پشاور سے لاہور پہنچ گئی ہے۔ ٹرافی کا مختلف شہروں میں والہانہ استقبال کیا گیا، جس کے بعد اب یہ زندہ دلانِ لاہور کے پاس ہے۔ پی ایس ایل کی اس منفرد ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی 11 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کی گئی تھی، جس میں کرکٹ سٹارز اور پی سی بی حکام نے شرکت کی تھی۔
کراچی سے شروع ہونے والا یہ سفر مختلف شہروں سے ہوتا ہوا پشاور پہنچا اور اب ٹرافی لاہور کے تاریخی مقامات اور سٹیڈیم کی زینت بنے گی۔ 'انفینیٹی ٹرافی' اپنے جدید ڈیزائن اور کرکٹ کے لامتناہی جذبے کی عکاسی کرتی ہے، جو اس بار فاتح ٹیم کا مقدر بنے گی۔
لاہور پہنچنے پر ٹرافی کو مختلف مقامات پر لے جایا جائے گا جہاں مداحوں کو اس کے ساتھ تصاویر بنوانے کا موقع ملے گا۔ پی سی بی حکام کے مطابق ٹرافی کے اس دورے کا مقصد ملک بھر میں کرکٹ کے جشن کو عام کرنا اور فائنل سے قبل ہیجان پیدا کرنا ہے