بین الاقوامی سفر کی اجازت ملتے ہی 10 ہزار سے زائد سعودی شہری روانہ ہو گئے

بین الاقوامی سفر کی اجازت ملتے ہی 10 ہزار سے زائد سعودی شہری روانہ ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب میں بین الاقوامی سفر کی اجازت ملتے ہی مملکت کے 10,452 شہری زمینی اور فضائی ذرائع آمدورفت سے بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں۔ 
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 17 اور 18مئی کو 4,735 شہری بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک سفرپر روانہ ہوئے جبکہ اسی عرصے کے دوران زمینی راستے سے 5,717 سعودی شہری بیرون ملک سفر پر نکلے۔ 
سب سے زیادہ مسافر پانچ ممالک متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر، امریکہ اور برطانیہ کی طرف روانہ ہوئے ہیں اور صرف یو اے ای میں 1,938 شہری روانہ ہوئے۔ سعودی عرب اور بحرین کے درمیان واقع شاہ فہد پل کو 3,362 شہریوں نے عبور کیا  اور وہ اپنی کاروں یا دوسری گاڑیوں کے ذریعے پڑوسی ملک میں گئے۔ 
سعودی حکومت نے 17 مئی کو اپنے شہریوں کے بیرون ملک جانے پر عائد پابندی ختم کردی تھی اور انہیں زمینی ، سمندری اور فضائی راستے سے بین الاقوامی سفر پر روانہ ہونے کی اجازت دیدی تھی۔ 
حکومت نے بیرون ملک جانے والے سعودیوں پر یہ شرط عائد کی کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین کے دونوں انجکشن لگواچکے ہوں یا سفر پر روانہ ہونے سے کم سے کم دو ہفتے پہلے ویکسین کی ایک خوراک لگواچکے ہوں۔
گزشتہ چھ ماہ کے دوران کورونا وائرس کا شکارہوکر صحت یاب ہونے والے سعودی شہری بھی بیرون ملک جا سکتے ہیں جبکہ 18 سال سے کم عمر بچے اور لڑکے لڑکیاں بھی بیرون ملک سفر کر سکتی ہیں۔