Get Alerts

پاک بھارت جنگ بندی دوطرفہ تھی، ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں ، بھارتی سیکرٹری خارجہ

پاک بھارت جنگ بندی دوطرفہ تھی، ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں ، بھارتی سیکرٹری خارجہ

نئی دہلی: بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں امریکی کردار کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ جنگ بندی مکمل طور پر دوطرفہ فیصلے کے تحت ہوئی، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں تھا۔

پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وکرم مسری نے واضح کیا کہ "صدر ٹرمپ نے ہم سے ثالثی یا بیچ میں آنے کی کوئی اجازت نہیں لی۔ وہ خود ہی سامنے آئے اور دعویٰ کیا کہ جنگ بندی انہوں نے کرائی۔" انہوں نے کہا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار مختلف مواقع پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور جنگ بندی کرانے میں ان کا کردار رہا ہے۔ تاہم بھارتی سیکرٹری خارجہ نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس معاملے میں کوئی اختیار یا دعوت نہیں دی گئی تھی۔

وکرم مسری نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تنازع روایتی جنگ کے دائرے میں رہا اور پاکستان کی جانب سے کسی قسم کے ایٹمی حملے کے اشارے نہیں ملے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے بارہا یہ سوال اٹھایا گیا کہ پاکستان سے جھڑپ کے دوران کتنے بھارتی طیارے تباہ ہوئے، تاہم سیکرٹری خارجہ نے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے جواب دینے سے گریز کیا۔

ٹیگز: