پیرس : غزہ میں جاری انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے اسرائیل پر ممکنہ پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ تینوں ممالک نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائیاں بند نہ کیں اور امدادی سامان پر عائد پابندیاں ختم نہ کیں تو وہ اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں گے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عام شہریوں کو انسانی امداد کی فراہمی سے انکار "ناقابل قبول" ہے اور یہ عمل بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہو سکتا ہے۔تینوں ممالک نے مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع کی بھی سختی سے مخالفت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے "ہم ان بستیوں کی توسیع کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرتے ہیں، اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم ٹارگٹڈ پابندیاں لگانے سے نہیں ہچکچائیں گے۔"
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں تین ماہ سے جاری مکمل ناکہ بندی کی وجہ سے صورتحال بدترین انسانی بحران اختیار کر چکی ہے۔ دوسری جانب، آج کرم ابو سالم گزرگاہ کے ذریعے پہلی بار محدود امداد غزہ میں پہنچی، جہاں بچوں کے لیے خوراک سمیت پانچ امدادی ٹرک داخل ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ نے امداد کی اس محدود فراہمی کو ایک مثبت قدم قرار دیا ہے، لیکن ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ غزہ میں جاری بحران سے نمٹنے کے لیے اس سے کہیں زیادہ امداد کی فوری ضرورت ہے۔