ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک ہزار فلسطینی شہداء، قیدیوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کروانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کے "مہمانانِ خادم حرمین شریفین حج، عمرہ و زیارت پروگرام" کا حصہ ہے، جس پر سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد عمل درآمد کر رہی ہے۔ وزیر اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ فلسطینی عوام کے ساتھ سعودی عرب کی مستقل حمایت اور اسلامی بھائی چارے کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان فلسطینی عازمین کو ان کے وطن سے لے کر سعودی عرب آمد اور واپسی تک مکمل سفری، رہائشی اور عبادتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ فریضہ حج ادا کر سکیں۔