Get Alerts

صدر، وزیراعظم اور سیاسی قیادت کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد

صدر، وزیراعظم اور سیاسی قیادت کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری سطح پر جاری بیانات میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عسکری خدمات، قیادت اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی غیر معمولی کوششیں لائقِ تحسین ہیں، جنہوں نے وطنِ عزیز کو درپیش سنگین چیلنجز کے دوران بھرپور بصیرت اور حکمت عملی سے راہنمائی فراہم کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے انتھک محنت، غیر متزلزل عزم اور جرأت مندانہ فیصلوں سے یہ اعلیٰ ترین عسکری اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق میں تاریخی فتح اور فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، جنرل عاصم منیر کا حق تھا۔ ان کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا۔"

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے اس فیصلے سے نہ صرف فوج کا حوصلہ بلند ہوا ہے بلکہ پوری قوم کو بھی فخر محسوس ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ قیادت نے ملک کو درپیش خطرات کا بھرپور انداز میں مقابلہ کیا۔"

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دشمن کو شکست فاش دینے پر وہ اس اعلیٰ عہدے کے حقدار تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ "آپریشن بنیان مرصوص میں اعلیٰ عسکری حکمتِ عملی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔"

ٹیگز: