راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے دیے گئے خصوصی عشائیے میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت ملک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔ عشائیے کا اہتمام قومی سطح پر مسلح افواج کی کامیابیوں اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو سراہنے کے لیے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عشائیے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تمام سروسز چیفس، سینئر عسکری حکام اور مختلف سرکاری شعبہ جات کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب میں ملک کی دفاعی کارکردگی، قربانیوں اور اداروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی پر اظہارِ اطمینان کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسلح افواج کی شاندار کوآرڈی نیشن، عوامی حمایت اور ملک کے دفاع میں حاصل کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے "معرکۂ حق" کے دوران سیاسی قیادت کی دور اندیشی اور مضبوط عزم کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے پر پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے نوجوان نسل کے جذبے، سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارتکاروں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے شرکاء نے قومی دفاع، اتحاد اور سلامتی کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں اور جرات مندی کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اور قومی یکجہتی کے لیے جاری کوششوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔






