کیلیفورنیا : سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلواسکائی نے کھیلوں کے شائقین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین کو لائیو اسپورٹس میچز کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔
ٹیک ویب سائٹس کے مطابق، جب کوئی کھیل کا میچ براہ راست نشر ہو رہا ہو گا تو نشریاتی ادارے کے اکاؤنٹ کی پروفائل تصویر کے گرد سرخ بارڈر اور "LIVE" کا لیبل نظر آئے گا۔ صارف اس پروفائل پر کلک کرکے یوٹیوب یا ٹوئچ جیسے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر براہِ راست میچ دیکھ سکیں گے۔
بلواسکائی کی چیف آپریٹنگ آفیسر، روز وانگ کے مطابق، اس فیچر کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کو لائیو ایونٹس دریافت کرنے میں آسانی ہو، نہ کہ انہیں صرف بلواسکائی تک محدود کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلواسکائی، X (سابقہ ٹوئٹر) کی طرح مہنگے اسٹریمنگ معاہدوں پر سرمایہ نہیں کر رہا بلکہ صارفین کو براہ راست لائیو مواد تک رسائی دے رہا ہے۔
یہ فیچر فی الحال NBA اور WNBA کے اکاؤنٹس پر آزمائشی بنیادوں پر فعال کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ اسے دیگر اسپورٹس اکاؤنٹس تک توسیع دی جائے گی۔
کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے، کیونکہ اب وہ میچز کے دوران نہ صرف فوری ردعمل دے سکیں گے بلکہ بلواسکائی پر کھیلوں کی سرگرم کمیونٹی کا بھی حصہ بن سکیں گے۔