احسن خان 'چشم نم' نامی ایک مختصر فلم کی پروڈکشن میں مصروف

فلم دسمبر کے پہلے ہفتے میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

احسن خان 'چشم نم' نامی ایک مختصر فلم کی پروڈکشن میں مصروف

معروف اداکار احسن خان سینماﺅں میں پاکستانی فلموں کی کمی کا حل لے کے سامنے آئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مختصر فلمیں اس وقت کی ضرورت ثابت ہوسکتی ہیں جب فلم بینوں کو زیادہ تعداد میں فلموں کی ضرورت ہوتی ہے۔احسن خان اس وقت 'چشم نم' نامی ایک مختصر فلم کی پروڈکشن میں مصروف ہیں جو کہ ایک رومانوی ڈراما ہے جس کی کہانی بینائی سے محروم افراد کے گرد گھوتی ہے اور اداکار کو توقع ہے کہ اس سے آگے بڑھنے کا راستہ ملے گا۔

احسن خان نے کہا ' پاکستان میں مختصر فلموں کا کوئی رجحان نہیں، وہ بہت کم ہی سینما میں چلتی ہیں حالانکہ بین الاقوامی سطح پر یہ کافی عام ہیں، دنیا بھر میں اہم فلم ساز مختصر فلمیں بناتے ہیں، اس کے مقابلے میں پاکستان میں ایک فیچر فلم کا دورانیہ بھی سینماﺅں میں چلنے کے لیے کچھ زیادہ نہیں، تو مجھے لگا کہ میں مختصر فلمیں بنا کر اس رجحان کو یہاں متعارف کراﺅں'۔

چشم نم میں دو بینائی سے محروم افراد ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں مگر جھوٹ کا جال ان کا منتظر ہوتا ہے۔اس فلم میں احسن خان کے ساتھ جسیم خان اور امر خان بھی کام کررہے ہیں جو کہ فلم کے رائٹر بھی ہیں۔احسن خان اس فلم کو ایک ٹی وی چینیل کو فروخت کررہے ہیں مگر وہ چاہتے ہیں کہ اسے فلم فیسٹیول سرکٹ میں بھی چلایا جائے۔

ان کے بقول ' ہمیں متعدد مختصر فلمیں بناکر پاکستانی سینماﺅں میں فیسٹیولز کا انعقاد کرکے ان کے ٹکٹ فروخت کرنے چاہئے، جن میں روزانہ 1 مختصر فلمیں چلیں'۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں وہ اس فلم پر اپنا سرمایہ خطرے میں ڈال رہے ہیں مگر یہ ان کی نظر میں قابل قدر ہے۔یہ فلم دسمبر کے پہلے ہفتے میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

مصنف کے بارے میں