Get Alerts

جھوٹے کلپس اور پروپیگنڈا: وزارت اطلاعات نے بھارتی میڈیا کی کارستانی بے نقاب کر دی

جھوٹے کلپس اور پروپیگنڈا: وزارت اطلاعات نے بھارتی میڈیا کی کارستانی بے نقاب کر دی

اسلام آباد: پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور غلط انداز میں پیش کیا، جس سے عوام میں گمراہ کن تاثر پیدا ہوا۔

چوہدری انوار الحق نے آزاد کشمیر اسمبلی میں اپنے دور حکومت اور معرکہ حق کے دوران پاک فوج کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بھارت کی دہشت گرد پراکسیز کو سخت جواب دینے اور معرکہ حق میں فوج کی موثر کارروائیوں پر روشنی ڈالی۔

وزارت اطلاعات کے مطابق بھارتی میڈیا اور را سے منسلک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے اس تقریر کے کلپس کو تحریف شدہ اور متنازع انداز میں دکھایا، اور جھوٹا دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نے حالیہ دہلی دھماکے کی منصوبہ بندی پاکستان پر ڈال دی۔

حقیقت میں، تقریر میں دہلی دھماکے کا کوئی ذکر نہیں تھا اور کلپ میں تراشے گئے الفاظ نے جملے کے معنی یکسر بدل دیے۔ وزارت اطلاعات نے عوام کو خبردار کیا کہ غیر تصدیق شدہ ویڈیوز اور غلط ترجمے پر اعتماد نہ کریں اور مکمل تقریر کے متن کی تصدیق کے بعد ہی رائے قائم کریں۔

وزارت نے مزید کہا کہ بھارتی گودی میڈیا کی یہ کارروائی اندرونی خلفشار چھپانے اور پاکستان پر الزام تراشی کرنے کی کوشش ہے۔

ٹیگز: