دوحہ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے اہم مذاکرات میں فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کا قطر اور ترکیہ نے خیرمقدم کیا ہے۔
مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کی، جب کہ افغان وفد کی سربراہی طالبان حکومت کے وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی اور سرحدی تنازعات کو ختم کرنے کے لیے یہ مذاکرات نہایت اہمیت کے حامل سمجھے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، فریقین نے سرحدی سیکیورٹی، دہشت گردی کے انسداد، اور مہاجرین کی واپسی سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مذاکرات کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں فوری سیز فائر پر اتفاق کا اعلان کیا گیا، جس سے خطے میں کشیدگی میں کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
قطر اور ترکیہ نے پاک افغان سیز فائر پر پیش رفت کو خطے کے استحکام کے لیے مثبت قدم قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کو سراہا ہے۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس معاہدے پر مؤثر عمل درآمد ہوتا ہے تو یہ خطے میں امن و استحکام کی طرف ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔