بیجنگ: عظیم دیوارِ چین کے تاریخی مقام بادالنگ پر پاکستان اور چین کا پہلا مشترکہ فیشن شو منعقد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے معروف ڈیزائنرز نے شرکت کی اور ثقافتی ہم آہنگی، تخلیقی امتزاج اور فیشن کے میدان میں دوستی کی نئی جہتوں کو اُجاگر کیا۔
اس فیشن شو کا انعقاد پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا اور فیشن کے ذریعے دوستی کا نیا باب رقم کرنا تھا۔
تقریب میں پاکستانی ڈیزائنرز ماہین خان، معظّم عباسی، عائشہ طارق، رضوان اللہ اور زین ہاشمی نے اپنے خصوصی کلیکشنز پیش کیے، جو پاکستانی روایتی ثقافت اور جدید چینی فیشن کا حسین امتزاج تھے۔ ریمپ پر ماڈلز نے اجرک، پھولوں کے نقش و نگار اور دیگر روایتی عناصر سے مزین ملبوسات میں واک کی۔
چین میں مقیم پاکستانی ڈیزائنر عقیل چوہدری نے اپنے زیورات کا خصوصی کلیکشن پیش کیا، جب کہ معروف چینی ڈیزائنر لیانگ سُو یون کے تخلیقی ملبوسات نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔تقریب میں چینی اعلیٰ حکام، سفارتی نمائندگان، میڈیا اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
پاکستان کے سفیر برائے چین، خلیل ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم دیوارِ چین کا مقام نہ صرف ایک تاریخی یادگار ہے بلکہ پاک-چین تعلقات اور شاہراہِ ریشم کے قدیم رشتے کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال صدر ایوب خان کے دیوارِ چین کے تاریخی دورے کی 60ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے، جو اس موقع کو مزید اہم بناتی ہے۔
سفیر نے مزید کہا کہ یہ فیشن شو تخلیقی صلاحیتوں، ثقافتی یکجہتی اور تجارتی امکانات کا اظہار ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔
چائنہ انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے چیئرمین لونگ یوشیانگ نے اس موقع پر کہا کہ فیشن شو دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تبادلے کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیشن کے ذریعے روایتی جمالیات کو جدید انداز میں پیش کر کے ہم ایک ایسا تخلیقی ماحول پیدا کر سکتے ہیں جو پاک-چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو عوامی سطح پر مزید مضبوط کرے گا۔