کیلیفورنیا:ایمیزون کی کلاؤڈ سروسز یونٹ ایمیزون ویب سروسز (AWS) پیر کے روز تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں متعدد معروف ویب سائٹس اور ایپس کی سروسز متاثر ہوئیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، AWS نے اپنی اسٹیٹس ویب سائٹ پر تصدیق کی ہے کہ امریکا کے مشرقی خطے (US-East-1) میں کئی سروسز میں ایرر ریٹس اور لیٹنسی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
اس تعطل کے باعث ایپک گیمز کا فورٹ نائٹ، اسنیپ چیٹ، سگنل، اور فنانشل ایپس جیسے وینمو، رابن ہڈ اور چائم کی سروسز متاثر ہوئیں۔
آرٹیفیشل انٹیلیجنس اسٹارٹ اپ پرپلکسی کے سی ای او اروند سرینیواس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر بتایا کہ ان کی سروس مکمل طور پر بند ہے اور اس کی وجہ AWS میں پیدا ہونے والی خرابی ہے۔
AWS دنیا بھر میں کمپنیوں، حکومتی اداروں اور انفرادی صارفین کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا اسٹوریج، اور دیگر ڈیجیٹل سروسز فراہم کرتا ہے۔ اس کے سرورز میں خرابی کے باعث وہ تمام پلیٹ فارمز متاثر ہوئے جو اس پر انحصار کرتے ہیں۔
ویب سائٹ DownDetector کے مطابق ایمیزون ڈاٹ کام، پرائم ویڈیو، الیکسا اور پے پال کی ذیلی سروس وینمو بھی متاثر ہوئیں۔
ایمیزون اور AWS نے تاحال اس تعطل پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔