Get Alerts

دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بڑھنے سے دادو کے کچے کے متعدد دیہات سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے

دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بڑھنے سے دادو کے کچے کے متعدد دیہات سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے

دادو/ٹھٹھہ/سکھر:دریائے سندھ میں پانی کی مسلسل بڑھتی ہوئی سطح نے سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ خاص طور پر دادو کے کچے کے کئی دیہات سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں، جہاں مقامی لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت ہو گئی ہے جبکہ چارہ مویشیوں کے لیے بھی نایاب ہو چکا ہے۔ ان حالات میں مختلف وبائی امراض کا پھیلاؤ بھی شروع ہو گیا ہے، جس نے مقامی عوام کی زندگی مزید دشوار بنا دی ہے۔

ٹھٹھہ میں سجاول کے مقام پر دریائے سندھ کا سیلابی ریلا 3 لاکھ 6 ہزار کیوسک کی رفتار سے سمندر کی جانب رواں دواں ہے، جس سے کچے کے علاقوں میں تباہ کاریاں جاری ہیں۔ درجنوں دیہات اور کھیت سیلابی پانی کی نذر ہو چکے ہیں۔

کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 41 ہزار کیوسک جبکہ سکھر بیراج پر ریکارڈ 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب گڈو بیراج پر سیلاب کی شدت میں کمی آئی ہے اور پانی کا بہاؤ کم ہو کر 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔

حکام نے عوام کو سیلابی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضروری امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے۔

ٹیگز: