کیلیفورنیا: ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے مقبول فیچر "شارٹس" کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی متعدد جدید ٹولز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا مقصد ویڈیو کریئیٹرز کو معیاری مواد کم وقت میں تیار کرنے میں مدد دینا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ نئے اے آئی ٹولز گوگل ڈیپ مائنڈ کی جدید ترین ٹیکنالوجی "Veo 3" پر مبنی ہیں، جو شارٹس بنانے کے عمل کو نہایت آسان اور تخلیقی بنا دیتے ہیں۔
یوٹیوب اور گوگل ڈیپ مائنڈ نے مل کر "Veo 3 Fast" نامی ایک نیا ٹول بھی پیش کیا ہے، جو مکمل طور پر مفت ہوگا۔ اس کی مدد سے صارفین صرف ایک خیال (پرامپٹ) کی بنیاد پر اپنے موبائل فون سے اعلیٰ معیار کی ویڈیوز تخلیق کر سکتے ہیں — اور اب پہلی بار ویڈیوز میں آواز بھی شامل کی جا سکے گی۔
یہ فیچر فی الحال صرف امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اسے جلد دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔