کیلیفورنیا : یوٹیوب نے اپنے شارٹس پلیٹ فارم کو مزید دلچسپ اور تخلیقی بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) پر مبنی نئے ٹولز متعارف کرائے ہیں، جن کا مقصد ویڈیو بنانے کے عمل کو عام صارفین کے لیے زیادہ آسان، تیز اور تفریحی بنانا ہے۔
ان میں سب سے نمایاں فیچر "فوٹو ٹو ویڈیو" ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے موبائل میں موجود عام تصاویر کو متحرک ویڈیوز میں بدل سکیں گے۔ یعنی ساکت تصاویر میں لوگ حرکت کریں گے اور صارفین مختلف ایفیکٹس اور ٹیمپلیٹس کا استعمال بھی کر سکیں گے تاکہ ویڈیوز کو مزید دلکش بنایا جا سکے۔
یہ نیا فیچر فی الحال امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں متعارف کرایا گیا ہے، تاہم یوٹیوب کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران یہ سہولت دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہو جائے گی۔
اس کے علاوہ یوٹیوب کی جانب سے AI جنریٹیو ایفیکٹس بھی پیش کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے صارفین زیرِ آب دنیا تخلیق کر سکتے ہیں یا ایک سیلفی کو جڑواں عکس (ٹوئن) میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
یہ تمام ٹولز گوگل کے ویو 2 ماڈل سے چلائے جا رہے ہیں اور مستقبل میں انہیں ویو 3 ماڈل سے اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ کارکردگی مزید بہتر ہو سکے۔
یوٹیوب نے ایک نیا فیچر "AI پلے گراؤنڈ" بھی متعارف کرایا ہے، جو ایک مرکزی ہب ہوگا جہاں صارفین ان AI ٹولز کے ساتھ تجربات کر سکیں گے۔ یہ ہب جلد ہی یوٹیوب ایپ میں موجود "Create" بٹن کے ذریعے دستیاب ہوگا۔
یوٹیوب کا ماننا ہے کہ یہ نئے AI ٹولز ہر صارف کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں سامنے لانے کا موقع فراہم کریں گے۔