Get Alerts

یوٹیوب نے شارٹس ویڈیوز کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا

یوٹیوب نے شارٹس ویڈیوز کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے شارٹس ویڈیوز کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے تھمب نیلز میں تبدیلی کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف ان کریئیٹرز کو فراہم کی گئی ہے جو یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں اور اپنی ویڈیوز سے آمدن حاصل کر رہے ہیں۔

اس نئے فیچر کے تحت اہل صارفین اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کی کسٹم تھمب نیل تصویر اپ لوڈ کر سکیں گے، جس سے ان کے مواد کو زیادہ نمایاں انداز میں پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ، صارفین یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ پر پہلے سے اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز کے تھمب نیلز بھی تبدیل کر سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس سہولت کو مزید صارفین تک بھی توسیع دی جائے گی۔

ڈیسک ٹاپ ورژن پر صارفین کو ویڈیو کے لیے تجویز کردہ تین فریمز میں سے کسی ایک کو تھمب نیل منتخب کرنے کا اختیار ہوگا۔ یہ سہولت پہلے عام ویڈیوز کے لیے دستیاب تھی، تاہم اب اسے شارٹس کے لیے بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین بدستور ویڈیو کے کسی بھی فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔

یوٹیوب کے مطابق تجویز کیے جانے والے تھمب نیلز ویڈیو کے موضوع، انداز اور مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے جائیں گے تاکہ ناظرین کی توجہ زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کی جا سکے۔
 
 

ٹیگز: