کیلیفورنیا: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اب یوٹیوب شارٹس بنانے والے تخلیق کار اپنی مختصر ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کا کسٹم تھمب نیل استعمال کر سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سہولت ابتدائی طور پر یوٹیوب پارٹنر پروگرام سے منسلک کریئیٹرز کو فراہم کی جا رہی ہے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی مرضی کی تصویر اپ لوڈ کرکے اسے شارٹ ویڈیو کا تھمب نیل بنا سکیں گے۔
اس سے پہلے یوٹیوب شارٹس میں صرف ویڈیو کے کسی ایک فریم کو ہی تھمب نیل کے طور پر منتخب کیا جا سکتا تھا، جس کی وجہ سے بہت سے کریئیٹرز کو اپنی ویڈیوز کی منفرد شناخت اور یکساں برانڈنگ برقرار رکھنے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔
نئے فیچر کے بعد تخلیق کار زیادہ پرکشش، واضح اور پروفیشنل تھمب نیلز استعمال کر سکیں گے، جس سے ان کی شارٹ ویڈیوز کی پیشکش بہتر ہوگی اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ کسٹم تھمب نیلز کا آپشن پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ مطالبہ کیے جانے والے فیچرز میں شامل تھا، جسے اب صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔