Get Alerts

طالبان رہنماءملا عبدالغنی برادر کابل پہنچ گئے

طالبان رہنماءملا عبدالغنی برادر کابل پہنچ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کابل: قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ، نائب امیرملا عبدالغنی برادر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ حکومت سازی سے متعلق مشاورت کریں گے۔ 
افغان طالبان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان رہنما ملاعبدالغنی برادر کابل پہنچ چکے ہیں اور طالبان رہنماءملا خیر اللہ خیرخواہ بھی ان کے ساتھ ہیں۔ ملاعبدالغنی برادر افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل کیلئے جلد مشاورت شروع کر دیں گے اور طالبان رہنماؤں کیساتھ ساتھ افغان سیاستدانوں کیساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ طالبان کے شریک بانی اور امریکہ سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر چند روز قبل ہی 20 برس بعد قندھار پہنچے ہیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
واضح رہے کہ افغان طالبان نے کابل فتح کرنے کے 4 روز بعد افغانستان میں اسلامی حکومت تشکیل دینے کا اعلان کر دیا تھا اور اس کیساتھ ہی ’دَافغانستان اسلامی امارت“ کے جھنڈے اور سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔ 
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں افغانستان اسلامی امارات کے قیام کا اعلان کیا۔ اسی ٹویٹ میں انہوں نے ”دَ افغانستان اسلامی امارت“ کے جھنڈے اور سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کی۔ 
ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان پر برطانیہ کے متنازعہ تسلط کے 102 سال بعد وہاں امارت اسلامی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ 19 اگست کا دن ہر سال ”نو آبادیاتی سپر طاقتوں سے آزادی کے دن“ کی حیثیت سے منایا جائے گا۔

ٹیگز: