Get Alerts

کراچی میں ایک دن کی بارش کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ،کئی علاقے اب بھی بجلی سے محروم، شہری پریشان

کراچی میں ایک دن کی بارش کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ،کئی علاقے اب بھی بجلی سے محروم، شہری پریشان

کراچی: شہر قائد میں منگل کے روز ہونے والی بارش کے بعد سے کئی علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہیں ہو سکی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

صدر کے علاقے رتن تلاو، اردو بازار اور قریبی علاقوں میں منگل سے بجلی بند ہے۔ اسی طرح ملیر عالمگیر سوسائٹی، کشمیر کالونی سیکٹر بی، جیل روڈ، جمشید روڈ، گلستان جوہر کے مختلف بلاکس، نارتھ ناظم آباد، پی ای سی ایچ ایس اور لیاقت آباد سمیت متعدد علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

گلستان جوہر بلاک 8 کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ دو دن سے بجلی کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق صبح چند لمحے کے لیے بجلی آئی تھی، مگر دوبارہ بند ہو گئی۔ شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کی شام 6 بجے تک شہر کے 94 فیصد علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی تھی، جبکہ باقی 150 فیڈرز پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث فیلڈ ٹیموں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا رہا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے، اور وہ کئی گھنٹوں سے مسلسل بجلی سے محروم ہیں۔

ٹیگز: