Get Alerts

ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور، 30 اگست تک گرفتاری سے روک دیا گیا

ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور، 30 اگست تک گرفتاری سے روک دیا گیا

لاہور:لاہور کی سیشن عدالت نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف "ڈکی بھائی" کی اہلیہ عروب جتوئی کی درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے 30 اگست تک ان کی گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

عروب جتوئی نے یہ ضمانت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سامنے پیشی سے قبل حاصل کی۔ انہیں اپنے شوہر کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر آن لائن جوا اور بیٹنگ ایپلی کیشنز کی تشہیر سے متعلق کیس میں شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفریاب نے ان کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی۔ عروب کے وکیل ایڈووکیٹ عرفان فیض کالر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی مؤکلہ تفتیش میں شامل ہونا چاہتی ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔

وکیل کے مطابق، عروب کو 19 اگست کو طلب کر کے دو گھنٹے تک غیر قانونی حراست میں رکھا گیا، اور ان کا موبائل بھی لے لیا گیا۔

ڈکی بھائی کو 17 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر یوٹیوب کے ذریعے بیٹنگ ایپس جیسے 1xBet، Binomo، Bet365 اور B9Games کی تشہیر کا الزام ہے۔ ان کے خلاف الیکٹرانک کرائم ایکٹ کی متعدد دفعات اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

یہ کیس 13 جون کو موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر شروع کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ یوٹیوبرز جوا ایپس کی تشہیر کر کے مالی فائدہ حاصل کر رہے تھے، اور عوام کو نقصان ہوا۔

عروب جتوئی اور ڈکی بھائی کی شادی 2022 میں ہوئی تھی، جبکہ 2024 میں جوڑا اسلحہ دکھانے کے الزام میں بھی پولیس حراست میں آ چکا ہے۔