Get Alerts

چین ہمیشہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح دیتا رہے گا: وزیر خارجہ چین

چین ہمیشہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح دیتا رہے گا: وزیر خارجہ چین

اسلام آباد: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ چین اپنی ہمسایہ پالیسی میں پاکستان کو اولین ترجیح دیتا ہے اور اسے ایک قابل اعتماد اور کلیدی اتحادی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ سفارتی و اقتصادی تعلقات کو نئی وسعت اور بلند سطح تک لے جانے کا خواہاں ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی استحکام، معاشی تعاون اور سی پیک فیز ٹو سمیت کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

وانگ ژی نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو کثیرالجہتی تجارتی نظام کے تحفظ اور فروغ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے سی پیک کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراک کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کی علاقائی یکجہتی، انسدادِ دہشت گردی، اور سائبر سیکیورٹی جیسے شعبوں میں مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ، فعال اور سازگار ماحول مہیا کرتا رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین صنعتی، زرعی اور معدنی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وانگ ژی نے پاکستان کی پرخلوص میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین گہرے اور وسیع تر روابط موجود ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ علاقائی امن و استحکام دونوں ممالک کا مشترکہ ہدف ہے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر جامع گفتگو ہوئی۔ ہم چین کے عزم اور پاکستان کی خودمختاری و سالمیت کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو، عوامی روابط اور باہمی اشتراک کو مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے اور تمام اہم معاملات پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

ٹیگز: