اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کا کوئی مسئلہ نہیں، ان کی صحت کو سیاسی ایشو بنانا درست نہیں ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ اب کافی بہتر ہوچکی ہے اور فکر کی کوئی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو جیلیں کاٹنا پڑتی ہیں اور جیل انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی اپنے دور حکومت میں مخالفین کی صحت کا مذاق اڑایا کرتے تھے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی قانونی عمل کے تحت جیل میں ہیں، اس معاملے کو سیاسی ایشو بنانے کے بجائے قانون کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔