اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے سکیورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے ملائیشین وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دونوں جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔