افغان سیکورٹی فورسز کے زمینی اور فضائی آپریشن میں 17طالبان جنگجو ہلاک، 5 زخمی

افغان سیکورٹی فورسز کے زمینی اور فضائی آپریشن میں 17طالبان جنگجو ہلاک، 5 زخمی

کابل/نئی دہلی: افغان سیکورٹی فورسز کے زمینی اور فضائی آپریشن میں 17 طالبان جنگجو  ہلاک اور  5  دیگر زخمی ہو گئے جبکہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں طالبان کا فرضی ضلعی گورنر ہلاک ہو گیا،دوسری جانب نیٹو کے زیر قیادت ریزولیٹ سپورٹ مشن کا کہنا ہے کہ افغان ائیر فورس کو بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کی دوسری کھیپ جلد مل جائے گی جبکہ بھارت بھی افغان ائیرفورس کیلئے ایم آئی 35گن شپ ہیلی کاپٹر خریدے گا۔

جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ ہلمند میں افغان سیکورٹی فورسز کے زمینی اور فضائی آپریشن میں 17طالبان جنگجو ہلاک اور 5دیگر زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان عمر زاک کا کہنا ہے کہ آپریشن ضلع ناد علی میں عسکریت پسندوں کا صفایا کرنے کیلئے کیا گیا ۔آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔ادھر شمالی صوبہ قندوز میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں طالبان کا فرضی ضلعی گورنر ہلاک ہوگیا۔

افغان آرمی کی 209ویں شاہین کور کا کہنا ہے کہ طالبان کا خان آباد کیلئے فرضی ضلعی گورنر اپنے جنگجوؤں کی نصب بارودی سرنگ پھٹنے سے ہلاک ہو  گیا.  بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مولوی دوست محمد ایک آپریشن کے دوران افغان فورسز سے چھپنے کی کوشش کررہا تھا۔حکام کا مزید کہنا تھاکہ جس وقت واقعہ پیش آیا اس وقت ابراہیم خیل گاؤں میں آپریشن کیا جارہا تھا۔واقعے میں مولوی دوست محمد کا ایک باڈی گارڈ بھی شدید زخمی ہوگیا۔

ادھرنیٹو کے زیر قیادت ریزولیٹ سپورٹ مشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان ائیر فورس کو بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کی دوسری کھیپ جلد مل جائے گی ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلے چار بلیک ہاک اکتوبر میں پہنچ گئے تھے جبکہ اگلے دوسرے گروپ میں جنوری 2018 میں پہنچ جائیں گے ۔دوسری جانب بھارت افغان ائیرفورس کیلئے ایم آئی 35گن شپ ہیلی کاپٹر خریدے گا جس کا مقصد افغان فضائیہ کی قومی دفاعی صلاحیت کو بڑھانا ہے ۔

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق یہ پیشکش افغان حکومت کی طرف سے درخواست کے بعد سامنے آئی ہے جس میں اکتوبر میں افغان قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمرکا دورہ بھارت بھی شامل ہے ۔

مصنف کے بارے میں