Get Alerts

انڈر 19 ایشیا کپ: بھارت کا ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف فلڈنگ کا فیصلہ

انڈر 19 ایشیا کپ: بھارت کا ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف فلڈنگ کا فیصلہ

دبئی : انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف فلڈنگ کا فیصلہ کیا، اور دونوں ٹیمیں اس اہم مقابلے کے لیے میدان میں اتریں گی۔

پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم فائنل کے لیے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں آئے گی اور ٹائٹل جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی پُرعزم ہیں کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

پاکستان کی انڈر 19 ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرایا تھا۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن میں نوجوان بلے باز سمیر منہاس خاص طور پر توجہ کا مرکز ہیں۔ وہ اب تک 4 میچوں میں 299 رنز بنا چکے ہیں، جن میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔

پاکستان کی بولنگ بھی مضبوط ہے، رائٹ آرم فاسٹ بولر عبد السبحان نے 11 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ لیفٹ آرم بولر محمد صیام نے 8 وکٹیں لی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان دو بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکا ہے، مگر اب تک ایشیا کپ کی ٹرافی اس کے حصے میں نہیں آئی۔ البتہ 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان بھارت کے ساتھ مشترکہ چیمپئن رہا تھا۔

ٹیگز: