این اے 221 ضمنی انتخابات، ووٹنگ کا عمل شروع، 12 امیدوار مدمقابل

NA-221 by-elections, start of voting, contest of 12 candidates
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر ون پر آج ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ اس نشست پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت 12 امیدوار ایک دوسرے کیخلاف پنجہ آزمائی کرینگے۔

ضمنی نتخابات کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز اور پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ این اے 221 تھرپارکر ون میں ووٹنگ صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد دو لاکھ اکیاسی ہزار نو سو ہے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ سیٹ پیپلز پارٹی کے سابق رکن نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

ضلعی انتظامیہ نے الیکشن کے دوران لڑائی جھگڑے کی صورتحال سے بچنے کیلئے حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس اور رینجرز کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی کے دیگر ذرائع اپناتے ہوئے علاقے کی مانیٹرنگ کرنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولنگ سٹیشن کے عملے اور انتخابی مواد کو پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے۔

ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق ووٹرز کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے تین سو اٹھارہ پولنگ سٹیشز قائم کئے گئے ہیں، ان میں سے تیرہ پولنگ سٹیشنز کو حساس جبکہ 95 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 کے ضمنی انتخاب میں یوں تو 12 امیدوار مدمقابل ہیں تاہم اصل مقابلہ تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدین راہمون اور پیپلز پارٹی کے امیدوار میر علی شاہ جیلانی کے درمیان ہونا متوقع ہے۔