واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے مختلف ممالک پر عائد عالمی ٹیرف کو 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یہ اقدام ان ممالک کے خلاف ہے جو دہائیوں سے امریکہ سے غیر منصفانہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آنے والے مہینوں میں امریکی حکومت قانونی طور پر نئے اور منظور شدہ ٹیرف کا تعین کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے تمام ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا، جو 150 دن کے لیے درآمد ہونے والی اشیا پر نافذ ہونا تھا۔ تاہم کچھ اشیا اس عارضی ٹیرف سے مستثنیٰ رہیں گی، جن میں معدنیات، کھاد، دھاتیں، توانائی کے آلات، زرعی مصنوعات، ادویات اور ادویات کے خام اجزاء شامل ہیں۔ مزید یہ کہ یہ نئی ڈیوٹی امریکہ-میکسیکو-کینیڈا معاہدے (USMCA) پر لاگو نہیں ہوگی۔
قبل ازیں، امریکی سپریم کورٹ نے صدر ٹرمپ کے کچھ اضافی ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔