پانچواں ٹی ٹوینٹی، پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 135 رنز کا ٹارگٹ

 پانچواں ٹی ٹوینٹی، پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 135 رنز کا ٹارگٹ

کرائسٹ چرچ:پانچویں ٹی ٹوینٹی میں  پاکستان نے  نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 135 رنز کا ٹارگٹ  دیا ہے۔کرائسٹ چرچ میں جاری سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں صرف 134 رنز کر پائی۔

پاکستانی اوپنر حسیب اللہ اپنے پہلے میچ میں پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے سوتھی کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹر محمد رضوان رہے جنہوں نے 38 گیندوں پر 38 رنز کیے۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان 33، صاحبزادہ فرحان 19 اور پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم صرف 13 رنز بنا سکے، آٹھوں بیٹرز نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سوتھی نے ایک میڈن اوور کے ساتھ اپنے سپیل کے 4 اوور میں 19 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری بھی 30 رنز کے عوض  2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن اور ایش سوڈی نے بھی 2-2  کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے۔


کرائسٹ چرچ میں آج کے میچ کیلئے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں، صائم ایوب، حارث رؤف اور وسیم جونیئر کو آرام دیا گیا جبکہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ ڈیبیو اس نے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوینٹی کیریئر کا آغاز کیا۔شاہین آفریدی کی قیادت میں پاکستانی سکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، حسیب اللہ، بابر اعظم، فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔افتخار احمد، محمد نواز، اسامہ میر، عباس آفریدی اور زمان خان کے نام بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے لگاتار چار ٹی ٹوینٹی میچوں میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

مصنف کے بارے میں