Get Alerts

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 5 امیدواروں میں سے 4 امیدوار سینیٹ الیکشن سے دستبردار

 خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 5 امیدواروں میں سے 4 امیدوار سینیٹ الیکشن سے دستبردار

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی سیاسی حکمت عملی اور کوششوں کے باعث خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے پانچ امیدواروں میں سے چار نے سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پی ٹی آئی کے پانچ امیدواروں میں سے وقاص اورکزئی، ارشاد حسین، عرفان سلیم اور عائشہ بانو نے پارٹی کے فیصلے کے مطابق اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔ یہ تمام امیدوار پارٹی کے بانی عمران خان کے فیصلے کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں۔

عرفان سلیم نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ "ہمیں بانی پی ٹی آئی کا ہر فیصلہ منظور ہے"، جب کہ عائشہ بانو نے اپنے پیغام میں کہا کہ "ہم ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر لبیک کہتے ہیں"۔ ارشاد حسین نے کہا کہ "پارٹی کے فیصلے کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی"، اور وقاص اورکزئی نے کہا کہ "سیٹ وقتی ہے، نظریہ ہمیشہ قائم رہتا ہے اور ہم نظریے کے ساتھ ہیں"۔

اس کے برعکس، خرّم ذیشان نے سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہونے سے انکار کر دیا، اور پارٹی کی کوششوں کے باوجود اپنے فیصلے پر قائم رہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے چاروں امیدواروں کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ "وقاص اورکزئی، ارشاد حسین، عرفان سلیم اور عائشہ بانو نے پارٹی کے فیصلے پر لبیک کہا ہے، جو بانی پی ٹی آئی کے نظریے کی جیت ہے اور وفادار کارکنوں کا مثالی فیصلہ ہے۔ نظریاتی کارکنوں نے ایک بار پھر پارٹی کا وقار بلند کیا"۔

ٹیگز: