لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں "ہیلمٹ نہیں تو سفر نہیں" مہم زور و شور سے جاری ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کے احکامات پر گزشتہ 72 گھنٹوں میں 36 ہزار 500 سے زائد ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان ہوئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مہم کے دوران کارروائیوں میں 210 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ لاہور میں ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 23 ہزار سے زائد شہریوں کو بھاری جرمانے کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے کا چالان عائد کیا جا رہا ہے اور تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو خود مہم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیلمٹ پہن کر اپنی جانوں کی حفاظت کریں کیونکہ حادثات کی صورت میں ہیلمٹ ہیڈ انجری سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ہے۔
مہم بلا تفریق صوبے بھر میں جاری رہے گی اور شہریوں کے تعاون کے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔