دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے 26 رکنی قومی ویمنز کرکٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے 26 رکنی قومی ویمنز کرکٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ویمنز کرکٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کی قیادت جویریہ خان کے سپرد کی گئی ہے جبکہ یہ 26 رکنی سکواڈ 23 جون کو روانہ ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بسمہ معروف کی عدم دستیابی کے باعث جویریہ خان کو پاکستان ویمنز ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جویریہ خان 208 ون ڈے میچز میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کرچکی ہیں، پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے 26کھلاڑیوں کے ناموں کاا علان کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ دورے پر پاکستان اے اور ویسٹ انڈیز اے ٹیموں کے درمیان بھی ون ڈے اور ٹی 20 سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کیلئے قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی علیحدہ علیحدہ کپتان نامزد کی گئی ہیں۔
ون ڈے سیریز میں قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کی قیادت رامین شمیم کریں گی، جبکہ ٹی 20 سیریز کیلئے سدرہ نواز کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستانی سکواڈ 23 جون کو لاہور سے انٹیگا روانہ ہو گا جبکہ دورے کے دوران مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے، ویسٹ انڈیز پہنچنے پر تمام ارکان کی پانچ روز میں 2 مرتبہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی، اس دوران یہ تمام ارکان روم آئیسولیشن میں رہیں گے۔